جناب طارق محمود

            خانیوال کے طارق محمود صاحب جو آج کل کراچی میں ہیں، نہایت عابد و زاہد اور متقی نوجوان ہیں۔ اپنے اخلاص و نیکی کے باعث بہت ہی زیادہ قابل احترام ہیں۔ انھوں نے ایک دفعہ ختم نبوت کانفرنس مسلم کالونی ربوہ کے موقع پر بیان کیا:

میں نے خواب میں دیکھا کہ مسجد ختم نبوت مسلم کالونی میں محبت و اضطراب کی کیفیت ہے۔ عظیم اجتماع استقبال کے لیے امڈ آیا ہے۔ لوگ اِدھر اُدھر دیوانوں کی طرح سرگرداں پھر رہے ہیں۔ میں نے لوگوں سے پوچھا کہ کیا معاملہ ہے؟ مجھے بتایا گیا کہ آقائے نامدارصلی اللہ علیہ وسلم دریائے چناب کی جانب سے کانفرنس کے پنڈال کی طرف تشریف لا رہے ہیں۔ میں بھاگم بھاگ دریائے چناب کی جانب گیا جس طرف سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لا رہے تھے۔ میں نے آگے بڑھ کر قدم بوسی کی سعادت حاصل کی اور عرض کیا: یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا کہاں تشریف لے جانے کا ارادہ ہے؟ اس پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جامع مسجد ختم نبوت میں ہماری کانفرنس ہو رہی ہے۔ ادھر جانے کا پروگرام ہے۔