Language:

حضرت اعلیٰ مولانا ابو السعد احمد خاںرحمۃ اللہ علیہ

حضرت اعلیٰ مولانا ابوالسعد احمد خاںؒ، سرخیلِ اولیائے وقت گزرے ہیں۔ سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی ترویج و اشاعت میں آپ کی خدمات آب زر سے لکھنے کے قابل ہیں۔ انھوں نے ایک عرصہ دراز تک مخلوق خدا کو رشد و ہدایت سے نوازا۔ تحفظِ ختم نبوت کا درد آپ کے سینے میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔ جن ایام میں مسجد شہید گنج لاہور کی تحریک زوروں پر تھی اور اہل  اسلام میں ہر فرد ولولہ اور جوش کا مرقع تھا، حضرت اعلیٰ نے مجلس احرار اسلام کو ایک گرامی نامہ تحریر فرمایا جس میں لکھا کہ مسجد شہید گنج، اگر مسلمانوں کے ہاتھ سے نکلی جا رہی ہے تو اس کا غم نہ کریں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مساجد پھر بھی تعمیر کی جا سکیں گی، ان کی حیثیت ہر حال میں ثانوی ہے۔ اسلام کے تحفظ و بقا کو اولین اہمیت حاصل ہے اور اصل فتنہ موجودہ دور میں مرزائیت کا ہے جو وجودِ اسلام کو مٹانا چاہتا ہے، اس کے خلاف جہاد جاری رکھنا چاہیے۔ اگر اسلام محفوظ رہا تو مساجد کی کمی نہ رہے گی، لہٰذا بقائے اسلام کی خاطر قادیانیت کے خلاف اپنی تمام کوشش و ہمت کو مبذول کرنا چاہیے۔